آنکھیں ترستیاں ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
احمد ندیم قاسمی۔چند یادیں
,…۔۔۔۔۔۔
آمد آمد
حسیں لبوں پہ جڑی بوٹیوں کا رس مل کر
صبوحی کھیت سے چڑیاں اڑانے آئی ہے
بچھا کے سرخ دوپٹے کو سنگریزوں پر
نہ جانے کس کے تصور میں مسکرائی ہے “
میرا خیال ہے کہ یہ نویں جماعت کی بات ہے میں جھنگ شہر سے پیدل گورنمنٹ ہائی سکول آدھیوال یہ گنگناتے ہوئے جاتا تھا۔ اتش جواں تھا صبوحی کا پیکر تصور میں جھلملاتا تھا۔ اپنے آس پاس صبوحی کو تلاش کرتا تھا کیونکہ منظر نامہ وہی تھا جو احمد ندیم قاسمی اپنےقطعات کے مجموعے” رم جھم “میں نقش کر رہے تھے.
“ٹھمک ٹھمک کے چلی جا رہی ہے پنہاری
چھلک چھلک کے گریباں تک آ گیا پانی
پھر ایک بھیگی ہوئی رات کا خیال ایا
پھر اک شبیہ نظر آئی جانی پہچانی ۔”
“رم جھم “میرے حواس پر چھائی ہوئی ہے۔
1958 میں میٹرک کا امتحان دیا ہے. رزلٹ آنے تک وقت ہے والد محترم حکیم صوفی شیر محمد کے پیر و مرشد حضرت عبدالقادر رائے پوری ہندوستان سے لاہور آئے ہوئے ہیں۔ والد صاحب ان کی مجلس میں حاضری کے لیے جا رہے ہیں۔ مجھے بھی ساتھ لے چلتے ہیں ۔ پیر و مرشد اپنے مرید اس وقت پنجاب کے وزیر جنگلات صوفی عبدالحمید کے ہاں ٹھہرے ہوئے ہیں ۔دیگر مریدین کے لیے بھی قیام و طعام کا انتظام وہیں ہے ۔
میرے دل و دماغ پر احمد ندیم قاسمی غالب ہیں۔ بار بار خیال آتا ہے کہ میں لاہور میں ہوں۔ احمد ندیم قاسمی بھی لاہور میں ہیں۔ ابا جی سے اجازت لے کر میں ہمت کرتا ہوں اور نسبت روڈ کے پاس رتن چند بلڈنگ میں پروگریسو پیپرز لمیٹڈ کے دفتر پہنچ جاتا ہوں۔ اٹوگراف بک ہاتھ میں ہے۔ احمد ندیم قاسمی روزنامہ امروز کے ایڈیٹر ہیں ۔میں ان کے کمرے میں پہنچ جاتا ہوں ۔عرض کرتا ہوں کہ میں میٹرک کا طالب علم جھنگ سے آیا ہوں۔ “رم جھم” کئی بار پڑھ چکا ہوں صبوحی کی تلاش رہتی ہے۔ بہت خوشی سے خیر مقدم کرتے ہیں. وہ شاید اپنا اداریہ لکھ رہے ہیں۔ اس لیے کسی اجنبی ملاقاتی کو بٹھانا نہیں چاہتے آٹو گراف بک پر دستخط کر کے واپس کرتے ہیں ۔
“رات جب شدت ظلمت سے جل اٹھتی ہے ندیم
لوگ اس وقفہ ماتم کو سحر کہتے ہیں.”
ایک نوجوان قاری کے لیے اپنے محبوب شاعر کا دیدار’ اس کے قلم سے لکھا ہوا شعر کتنی بڑی دولت ہے .میں ویسے ہی بات بڑھانے کے لیے پوچھ لیتا ہوں “میں نے میٹرک کر لیا ہے اب کیا کرنا چاہیے ” قاسمی صاحب بہت شفقت سے فرماتے ہیں .اپ کے والدین جو کہیں وہ راستہ اختیار کریں “
۔۔۔۔
میں ایک عجیب سی سرشاری کی کیفیت میں پی پی ایل کی سیڑھیاں اتر رہا ہوں. میری دنیا ہی بدل چکی ہے. یہ تھی پہلی ملاقات اپنے وقت کے بڑے ایڈیٹر شاعر افسانہ نگار اور کالم نویس سے
۔۔
اکتوبر 1958 میں پہلا مارشل لا لگ جاتا ہے سب ترقی پسند گرفتار ہو جاتے ہیں۔۔ قاسمی صاحب کہتے ہیں :
“ہم گجر بجنے سے دھوکہ کھا گئے
پھر بھیانک تیرگی میں اگئے “
زنداں سے ایک نظم اتی ہے :
“پس دیوار ہے ایک اور بھی دیوار بلند
ایک دیوار کے پیچھے کئی دیواریں ہیں
ہر احاطوں میں احاطے یہ فصیلیں یہ حصار
وقت کی بات ہے سب وقت کی رفتاریں ہیں “
“رم جھم” کے بعد” جلال و جمال” ہمیں اپنی گرفت میں لے لیتی ہے .
“فنون” آب و تاب سے شائع ہونے لگتا ہے۔ ہم بھی اپنی اعلی تعلیم کے لیے جھنگ سے لاہور منتقل ہوتے ہیں۔معمول یہ ہوتا ہے کہ گورنمنٹ کالج لاہور میں اپنی کلاسز میں شمولیت کے بعد مال روڈ پر پیدل ہفت روزہ قندیل کے دفتر جانا ہوتا ہے۔چیئرنگ کراس کے قریب شاہدین بلڈنگ میں نوائے وقت کا دفتر ہے نوائے وقت کی اپنی بلڈنگ اس کے پیچھے ہے جس میں قندیل کا دفتر ہے۔راستے میں کتابوں کی مشہور دکان پبلشرز یونائٹڈ کے اگے اچانک ہمیں اپنی ائیڈیل شخصیت نظر اتی ہے احمد ندیم قاسمی انارکلی کی طرف اپنے” فنون” کے دفتر جا رہے ہیں. میں احتراما سلام عرض کرتا ہوں تواحمد ندیم قاسمی فرمائش کرتے ہیں کہ اپنی کچھ غزلیں “فنون” کے لیے بھیجوں . سچ جانیے !میری تو خوشی کا کوئی عالم نہیں رہتا. لڑکپن سے جس شاعر کو میں پڑھتا رہا ہوں جو میرا آئیڈیل بھی ہے نثر نگار بھی ہے’ ایڈیٹر بھی’ افسانہ نویس بھی. وہ مجھ سے اپنے رسالے کے لیے غزل کی فرمائش کر رہے ہیں. میں ان کا اور بھی معتقد ہو جاتا ہوں .
انہی دنوں مختلف مشاعروں میں ہم ان کی نظم ان کی زبانی سن رہے ہیں :
“ریت سے بت نہ بنا اے میرے اچھے فنکار
ایک لمحے کو ٹھہر میں تجھے پتھر لا دوں میں تیرے سامنے انبار لگا دوں لیکن۔ کون سے رنگ کا پتھر ترے کام ائے گا ۔”
پھر چھ ستمبر 1965 کی صبح گھن گرج کے ساتھ طلوع ہوتی ہے .
“چاند اس رات بھی نکلا تھا مگر اس کا وجود
اتنا خوں رنگ تھا جیسے کسی معصوم کی لاش
تارے اس رات بھی چمکے تھے مگر اس ڈھب سے
جیسے کٹ جائے کوئی جسم حسیں قاش ب قاش”
1965کی جنگ پر اس انداز سے کسی نے اتنی معیاریشاعری نہیں کی.
پھر مارشل لا کے اس جمود میں ایسی پروقار آواز ہم سے بہت سے نو واردان بساط شعر کو بہت حوصلہ دے جاتی ہے. ان کا متانت بھرا لہجہ ‘پڑھنے کا انداز بہت باوقار ‘بہت پختہ’. فنون کے دفتر بھی کبھی کبھی حاضری ہوتی ہے۔ تو وہ جتنی عزت دیتے ہیں اس سے ڈھیروں خون بڑھتا ہے .ان کے افسانے بھی اردو ادب میں نادر اضافہ کر رہے ہیں. حیرت ہوتی ہے کہ ایک ہی شخصیت میں اتنی شخصیتیں کیسے جمع ہو گئی ہیں. وہ ان متین اور نفیس دانشوروں میں سے ہیں جو بہت تسلسل سے نظم اور نثر لکھ رہے ہیں. شاعری میں تو ہر عہد اپنی جھلکیاں دیتا ہے .چیختا ہوا لہجہ نہیں بلکہ شعریت اور ایک پختگی۔۔
“جتنے معیار ہیں اس دور کے سب پتھر ہیں
جتنے افکار ہیں اس دور کے سب پتھر ہیں”
1963 میں اس نظم کی دھوم ہے اس لیے ان کی خدمت میں حاضر ہو کر ذاتی طور پر بھی داد دیتے ہیں .
اج 62 سال بعدبھی حقیقت یہی ہے .اج بھی معیار سب پتھر کے ہیں. افکار بھی سب پتھر کے ہیں اور انسان بھی سب پتھر کے . ایک نظم اور یاد ا رہی ہے ان دنوں ٹیلی ویژن تو تھا ہی نہیں۔ اخبار تھے ۔ریڈیو تھا ۔ادبی رسالےتھے جو بڑی تعداد میں شائع ہوتے تھے۔ ہر شہر میں بک سٹالوں پر دستیاب تھے ۔ان کے پڑھنے والے بھی ہزاروں میں تھے۔ میں ابھی جھنگ میں ہی زیر تعلیم تھا۔ ایک رسالے میں اور میرے خیال میں” فنون” ہی ہے اس میں نظم “ریستوراں” پڑھتے ہیں تو ہمارے جھنگ کے ادبی حلقوں میں اس پر خوب گفت و شنید ہوتی ہے۔ حنیف باوا ماشاءاللہ ابھی موجود ہیں لکھ بھی رہے ہیں ہمارے برادر بزرگوار ڈاکٹر محمد خالد مسعود۔ بھی حیات ہیں ۔ خیر الدین انصاری ‘شارب انصاری’ پروفیسر محمد حیات خان سیال ‘پروفیسر تقی انجم اور ہمارے شاعری میں استاد طاہر سردھنوی سب اس نظم کی ہمہ جہتی کے معترف ہیں بزم فروغ ادب میں ہر ماہ تنقیدی نشست ہوتی ہے۔نظم نہیں یہ اج کل کی زبان میں ویڈیو ہے۔ مختلف مناظر لیے ہوئے. بہت باریک بینی ‘بہت گہری نظر’ بھرپور سوشل میڈیا۔میں چاہوں گا کہ پوری نظم
آپ کی نذر کروں :
“ریستوراں”
ریستوراں میں سجے ہوئے ہیں کیسے کیسے چہرے
قبروں کےکتبوں پر جیسے مسلے مسلے سہرے
ایک صاحب جو سوچ رہے ہیں پچھلے ایک پہر سے
یوں لگتے ہیں جیسے بچہ روٹھ آیا ہو گھر سے
کافی کی پیالی کو لبوں تک لائیں تو کیسے لائیں
بیرے تک سے آنکھ ملا کر بات نہ جو کر پائیں
کتنی سنجیدہ بیٹھی ہے یہ احباب کی ٹولی
کتنے اوج بلاغت پر ہے خاموشی کی بولی
ساری قوت چوس چکی دن بھر کی شہر نوردی
ماتھوں میں سے جھانک رہی ہے مرتی دھوپ کی زردی
لمبی لمبی پلکیں جھپکے اک شرمیلی بی بی
بالوں کی ترتیب سے جل کے ذہن کی بے ترتیبی
شوہر کو دیکھے تو لجائے لاج کو اوٹ بنائے
ہر انے والے پر ایک بھرپور نظر دوڑائے
ایک لڑکی اور تین جوان ائے ہیں کسے کسائے
سانولے روپ کو گورے ملکوں کا بہروپ بنائے
باتوں میں نخوت باغوں کی وحشت صحراؤں کی
انکھوں کے چولھوں میں بھری ہے راکھ تمناؤں کی
اپنی اپنی الجھن سب کی اپنی اپنی رائے
سب نے انسو روک رکھے ہیں کون کسے بہلائے
ہر شے پر شک ہو تو جینا ایک سزا بن جائے
محور ہی موجود نہ ہو تو گردش کس کام ائے
قہقہے جیسے خالی برتن لڑھک لڑھک کر ٹوٹیں
بحثیں جیسے ہونٹوں میں سے خون کے چھینٹے چھوٹیں
حسن کا ذکر کریں یوں جیسے اندھی پھول کھلائے
فن کی بات کریں یوں جیسے بنیا شعر سنائے سکڑی سمٹی روحیں لیکن جسم ہیں دوہرے تہرے
رستوران میں سجے ہوئے ہیں کیسے کیسے چہرے “
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک اور شعر ان کا یاد ا رہا ہے جو میں 1958 سے اب تک ذہن میں گاتا آ رہا ہوں ۔
“میں نے گلیوں میں تو دیکھے ہیں گلابی چہرے
اور طاعون پس پردہ در دیکھے ہیں “
اور اس کے ساتھ ہی ۔۔ “میں نے ان انکھوں سے بکتا ہوا دیکھا ہے شباب
زر کی تلوار سے کٹتے ہوئے سر دیکھے ہیں
میں نے جو دیکھا ہے کاش وہ تو بھی دیکھے
دل کی دھڑکن بھی سنے دل کا لہو بھی دیکھے “
اج جب یہ سطور لکھ رہا ہوں تو دیکھ رہا ہوں کہ یہ نظم قیام پاکستان سے پہلے 1941 میں لکھی گئی تھی مگر یہ شعر 47 کے بعد بھی حقیقت ہیں اور اج ازادی کے 78 سال گزرنے کے بعد بھی زر کی تلوار سے سر کٹ رہے ہیں شباب بک رہا ہے
اس نظم کا عنوان ہے
“میرے افسانے “
(مصنف کی دیہاتی کہانیوں کا پس منظر )
پھر ادبی حلقوں میں دبستان سرگودہا کی جنگ چھڑتی ہے ایک طرف جناب وزیر اغا دوسری طرف احمد ندیم قاسمی. دونوں کے رفقاء میدان جنگ میں اترے ہوئے ہیں. ہماری نیاز مندی دونوں سے ہے۔ اس لیے یہ جھڑپیں اچھی نہیں لگ رہی ہیں۔ اسی اثنا میں اپریل 1970 کی اخباری ہڑتال کے بعد بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے صحافی بڑی تعداد میں جنگ انجام امروز پاکستان ٹائمز کوہستان وغیرہ سے برطرف کیے جاتے ہیں۔ یحیی خان کا مارشل لاء ہے۔ نوابزادہ شیر علی خان وزیر اطلاعات ہیں جو دائیں بازو کے پرچارک ہیں۔ اس ہڑتال میں بلکہ اس سے پہلے نکالے جانے والوں میں جناب اظہر جاوید بھی شامل تھے جو روزنامہ امروز لاہور میں اعلی عہدے پر اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کے علاوہ ابراہیم جلیس شوکت صدیقی عبداللہ ملک عباس اطھر حمید اختر اور منہاج برنا اور بہت سے۔
ان دنوں کراچی سے ہم لوگ مل کر ایک ہفت روزہ الفتح کی اشاعت کا دم بھرتے ہیں۔ ہمارے ساتھ برطرف کیے جانے والوں میں سینیئر صحافی ارشاد راؤ بھی ہیں جو مشرق اخبار سے نکالے گئے۔ وہ ایک گفتگو کے دوران کہتے ہیں کہ ان کے پاس ایک ڈیکلریشن موجود ہے۔ ہفت روزہ” الفتح “کے نام سے. جناب شوکت صدیقی جمیل الدین عالی منہاج برنا کراچی سے نگراں اور لاہور میں جناب احمد ندیم قاسمی سے درخواست کی جاتی ہے وہ وہاں سے نگراں ہوں گے .اتنے بڑے بڑے ستاروں کی کہکشاں۔کچھ ہفتے “الفتح” نکلتا ہے تو مارشل لا حکام متحرک ہوتے ہیں. پنجاب میں جنرل ٹکا خان مارشل لاایڈمنسٹریٹر ہیں جناب احمد ندیم قاسمی کی وہاں پیشی ہوتی ہے ۔جنرل ٹکا خان پوچھتے ہیں “ویل جوان اپ الفتح میں کیا کرتے ہیں “۔ وہ کہتے ہیں” کہ میں وہاں نگراں ہوں”
تکہ ٹکاخان فرماتے ہیں کہ نگراں تو کوئی پڑھا لکھا انسان ہوتا ہے “
جناب احمد ندیم قاسمی کی آنکھوں میں انسو ا جاتے ہیں ۔
“عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن”
وہ رات گئے جمیل الدین عالی صاحب کو فون کرتے ہیں کہ ان کا نام نگرانی سے ہٹا دیا جائے وہ پورا واقعہ بھی بیان کرتے ہیں .
1970 1971 .سانحےد ر سانحے ۔
ہم سب اپنی اپنی سزائیں بھگت رہے ہیں ۔اپس میں نظریاتی رابطے ہیں۔
فنون کے غزل نمبر کے لیے بھی ان کا خط میرے پاس محفوظ ہے۔ اتفاق یہ ہے کہ میرے پاس محفوظ خطوط میں سب سے زیادہ گرامی نامے احمد ندیم قاسمی کے ہی ہیں جو خطوط کسی وقت یکجا ہو کر شائع ہوں گے۔ اس میں یہ سب خطوط شامل کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سید جعفر احمد ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ اف ہسٹوریکل اینڈ سوشل ریسرچ کراچی”” بنام شام “کے زیر عنوان یہ خطوط شائع کر رہے ہیں.
احمد ندیم قاسمی سے اس تعلق خاطر سے میں 50 کی دہائی سے اب تک کے اہل قلم کے ساتھ گزری صحبتوں کی خود نوشت کا اغاز کر رہا ہوں ۔مشاعرے ان کے ساتھ پڑھے۔ پاکستان میں بھی سمندر پار بھی۔ پھر میں جنگ کا گروپ ایڈیٹر مقرر ہوا تو ہمارے سب سے محترم کالم نویس احمد ندیم قاسمی تھے 1972 سے جنگ میں کالم لکھ رہے تھے “لاہور لاہور ہے” ان دنوں بھی رابطے رہے ۔
“یاد ائے ترے پیکر کے خطوط اپنی کوتاہی فن یاد ائی
دور جب چاند افق پر ڈوبا
تیرے لہجے کی تھکن یاد ائی “
اردو ادب میں خاص طور پر ترقی پسند رب میں ان کا مقام بہت بلند ہے ان کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات اکثر یاد اتے ہیں. 1958 میں امروز کے دفتر میں پہلی حاضری پھر 2001 میں قتیل شفائی صاحب کی رحلت کے بعد فاتحہ سوئم میں قاسمی صاحب سے آخری ملاقات ہوئی ۔وہی محبت شفقت۔
“وہےصورتیں الہی کس دیس بستیاں ہیں
اب جن کے دیکھنے کو انکھیں ترستیاں ہیں”
- حکیم صوفی شیر محمد - October 16, 2026
- نجم السحر - October 16, 2026
- دردمند پاکستانی - October 9, 2026
